لبنان میں جنگ بندی کیساتھ ہی رونقیں بحال، ہر طرف جشن، شہریوں کی گھروں میں واپسی

بیروت: (دنیا نیوز) لبنان میں دس روزہ جنگ بندی کے اعلان کے ساتھ ہی رونقیں بحال ہونے لگیں۔

بیروت سے لے کر جنوبی لبنان تک، ہر طرف جشن کا سماں، شہریوں کی اپنے گھروں کو واپسی شروع ہوگئی، فضا نعروں اور ہوائی فائرنگ سے گونج اٹھی، طویل بمباری کے بعد یہ جنگ بندی لبنانی عوام کے لیے بڑی راحت ثابت ہوئی۔

جنوبی شہر طائر اور نباطیہا میں سڑکوں پر ٹریفک بحال ہوتے ہی لوگ اپنے آبائی علاقوں کی طرف لوٹنے لگے، جنوبی لبنان کے رہائشی کچھ خوش قسمت خاندان واپس پہنچے تو گھر سلامت تھے لیکن بیشتر کو اپنے مکانات کی جگہ ملبے کا ڈھیر دیکھنا پڑا۔

دارالحکومت بیروت اور سیدون میں جنگ بندی کے اعلان پر شہری سڑکوں پر نکل آئے، لوگوں نے نعرے لگائے، گاڑیوں کے ہارن بجائے، جھنڈے لہرائے اور فتح کے نشان بنائے، کئی مقامات پر خوشی کے اظہار میں ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔

کچھ علاقوں میں شہریوں کی بڑی تعداد حزب اللہ کے جھنڈے اٹھائے سڑکوں کے کنارے کھڑی نظر آئی جبکہ گاڑیوں میں سوار افراد بھی جھنڈے لہرا کر اپنی حمایت کا اظہار کرتے رہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں