آبنائے ہرمز کھلنے کی خبر پر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی
تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ کی جانب سے جنگ بندی کی بقیہ مدت کے لیے آبنائے ہرمز تمام بحری جہازوں کے لیے کھلنے کی خبر پر عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی دیکھی گئی۔
عالمی مارکیٹ میں ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 11.17 فیصد کی کمی کے بعد 83.52 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
دوسری جانب برینٹ خام تیل کی قیمت 11.32 فیصد کی کمی کے بعد 88.07 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
واضح رہے کہ ایران نے لبنان میں جنگ بندی کے تناظر میں آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کے لیے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو تمام کمرشل جہازوں کے لیے کھول دیا گیا ہے اور جنگ بندی کی باقی مدت کے دوران یہ راستہ مکمل طور پر فعال رہے گا۔