ایف بی آر نے کراچی بھر کے شادی ہالوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کر دیا
کراچی: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے شہر بھر کےشادی ہالوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کردیا، کس شادی ہال نے کتنا ٹیکس جمع کیا؟ سال بھرمیں کتنے ایونٹس ہوئے؟ ایف بی آرکو آگاہ کیاجائے۔
ریجنل ٹیکس آفس ون اورٹو کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ٹیم کے ہمراہ ضلع شرقی کے شادی ہالز کا اچانک دورہ کیا، شاہراہ فیصل، نرسری، پی ای سی ایچ ایس اور گلشن اقبال کے شادی ہالز کا سالانہ ریکارڈ اکھٹا کیا۔
اسسٹنٹ کمشنرز نے کہا کہ شادی ہالزمالکان ودہولڈنگ ٹیکس رسیدوں کے ساتھ پورے سال کی تقاریب کاریکارڈ بھی دیں، شادی ہالزکا ریکارڈ جمع کرکے متعلقہ چیف کمشنرز کو فراہم کیا جائے گا، شادی ہالزکےسالانہ ریکارڈ کی ایف بی آرکی آڈٹ ٹیم جانچ پڑتال کرے گی۔
اسسٹنٹ کمشنرز ایف بی آر آڈٹ ٹیم نے کہا کہ ایک سال میں ہونے والی تقاریب سے شادی ہالزکی آمدن کا جائزہ بھی لےگی، ٹیموں کے اچانک دوروں سے شادی ہالزمالکان پریشان ہوگئے، چیئرمین ایف بی آر سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔