اسرائیل کے غزہ میں امدادی قافلوں پر حملے، ورلڈ فوڈ پروگرام کی شدید مذمت
اقوام متحدہ: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) نے غزہ کی پٹی میں اپنے امدادی قافلے پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے معمول کی بریفنگ کے دوران غزہ کی پٹی میں اپنے امدادی قافلے پر اسرائیلی فائرنگ کی مذمت کی اور فریقین پر زور دیا کہ وہ پورے خطے میں انسانی امداد کی محفوظ فراہمی کی اجازت دیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ڈبلیو ایف پی کا کہنا ہے کہ تین گاڑیوں پر مشتمل قافلہ جس میں عملے کے8ارکان سوار تھے پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی اور کم از کم 16 گولیاں گاڑیوں کو لگیں، تاہم اس واقعے میں عملے کا کوئی رکن زخمی نہیں ہوا۔
یو این ترجمان نے کہا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام اور ہم تمام فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام کریں، شہریوں کی حفاظت کریں اور غزہ میں انسانی امداد کو محفوظ طریقے سے گزرنے کی اجازت دیں۔