اقوام متحدہ کی سوڈان کے جنگ زدہ افراد کیلئے 4.2 ارب ڈالر امداد کی اپیل

اقوام متحدہ: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے سوڈان میں 3 کروڑ سے زائد جنگ زدہ افراد کے لئے 4.2 ارب ڈالر کی امداد کی اپیل کر دی۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے امور کے ادارے (او سی ایچ اے) کی ڈائریکٹر آف آپریشنز اینڈ ایڈووکیسی ایڈیم ووسورنو نے گزشتہ روز سلامتی کونسل کو بتایا کہ سوڈان میں 20 ماہ کی جنگ کے بعد 30 ملین سے زائد افراد کو امداد کی ضرورت ہے جن میں سے نصف سے زیادہ بچے ہیں۔

اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل بیت بیچڈول نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ سفارتی اور مالی طور پر مزید کام کریں، ہمیں دشمنیوں کو ختم کرنے اور سوڈان کے لوگوں کو ریلیف فراہم کے لئے آپ کے سیاسی اثر و رسوخ کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگ سے متاثرہ علاقے میں اس وقت فوری طور پر خوراک، پانی، رہائش، ادویات اور زندگی بچانے والی ہنگامی زرعی امداد کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ لڑائی کی وجہ سے ملک اب قحط کے دہانے پر پہنچ چکا ہے،80 لاکھ شہریوں کو ملک کے اندر ایک جگہ سے دوسری جگہ نقل مکانی کرنا پڑی جبکہ 27 لاکھ سوڈانی جنگ سے پہلے ہی نقل مکانی کر کےبےگھر ہوچکے تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں