وزیرِ خزانہ گلوبل ڈویلپمنٹ فنانس کانفرنس میں شرکت کیلئے سعودیہ روانہ
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب گلوبل ڈویلپمنٹ فنانس کانفرنس’مومینٹم 2025‘ میں شرکت کے لیے سعودی عرب روانہ ہو گئے۔
تین روزہ کانفرنس ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور نیشنل ڈویلپمنٹ فنڈ کے زیر اہتمام منعقد ہو رہی ہے جس میں 120 سے زائد عالمی و علاقائی اداروں کے 100 سے زیادہ مقررین شریک ہیں، کانفرنس کا مقصد سعودی وژن 2030 کے تحت جدید ترقیاتی فنانسنگ ماڈلز کو فروغ دینا ہے۔
سینیٹر محمد اورنگزیب ماحولیاتی مطابقت اور استقلال کے موضوع پر اعلیٰ سطحی نشست میں شرکت کریں گے، وہ عالمی رہنماؤں کے ساتھ ترقی پذیر ممالک کی کلائمیٹ فنانس تک رسائی پر گفتگو کریں گے۔
کانفرنس میں پاکستان کی کلائمیٹ فنانس ترجیحات اور معاشی لچک سے متعلق حکومتی اقدامات اُجاگر کیے جائیں گے، وزیرِ خزانہ سعودی وزرات خزانہ کی اعلیٰ قیادت اور این ڈی ایف سے اہم دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
اِن ملاقاتوں میں دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین معاشی تعاون میں اضافہ،کلائمیٹ فنانس اور ترجیحی معاشی شعبوں میں اشتراک پر گفتگو ہو گی
وزیر خزانہ اپنے دورہ کے دوران عالمی میڈیا بشمول سی این این اور سی جی ٹی این کو بھی انٹرویوز دیں گے اور پاکستانی سفارت خانہ ریاض میں تقریبات میں بھی شریک ہوں گے۔
خیال رہے ’مومینٹم 2025‘ میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی شرکت پاکستان کے عالمی ترقیاتی شراکت داری اور پائیدار مالیاتی ایکوسسٹم کے قیام کے عزم کی عکاس ہے۔