پی ٹی آئی کا رویہ یہی رہا تو عمران خان کی اڈیالہ جیل سے منتقلی ہو سکتی ہے: رانا ثنا اللہ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) مشیر وزیرِ اعظم سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا رویہ یہی رہا تو عمران خان کی جیل منتقلی ہو سکتی ہے۔

پروگرام’’دنیا مہربخاری کےساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جیل سے منتقلی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، اڈیالہ جیل کے باہر دھرنوں کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اگرپی ٹی آئی کا یہی رویہ رہا تو پھر حکومت اڈیالہ جیل سے منتقلی کے حوالے سے غور کر سکتی ہے، تحریک انصاف والے انارکی پھیلا رہے ہیں، اس طریقے سے تو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہوگی۔

مشیر وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ رات دو بجےتوکسی کی ملاقات نہیں ہوسکتی،سڑک بلاک کرنےسے پرامن احتجاج کیسے ہو گیا، حکومت یا جیل انتظامیہ کا ملاقاتوں کے حوالے سے واضح موقف ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ انہی ملاقاتوں کےبعد وہی ہوتا ہےجوہمارا دشمن ملک چاہتا ہے،ملاقاتوں کے بعد ٹویٹ ہوتا ہے، بانی ایم کیو ایم نے جب پاکستان مردہ باد کا نعرہ لگایا تو ایم کیو ایم لندن علیٰحدہ ہوگئی تھی۔

اُن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ٹویٹ میں افواجِ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی اگر پیچھے نہیں ہٹیں گے تو بانی ایم کیو ایم کے انجام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

مشیر وزیرِ اعظم نے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ جیل نےعظمیٰ خان سے کہا تھا باہر جاکر میڈیا میں سیاسی بات نہ کریں، عظمیٰ خان نےوعدے کے باوجود وہی کچھ کیا، سپرنٹنڈنٹ جیل نے تو قانون پر عمل کرنا ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ دشمن ملک کے ساتھ مل کردفاعی ادارے کےسربراہ کےخلاف ہرزہ سرائی ناقابل برداشت ہے،بانی پی ٹی آئی سےروزانہ کی ملاقاتوں سے ہی26 نومبرکی منصوبہ ہوئی، 2018کا الیکشن ہم بھی جیتے تھے، اپنی دورِ حکومت میں بانی پی ٹی آئی ہماری سیٹیں چھین کرہی پلس ہوئےتھے۔

اُنہوں نے کہا کہ سینیٹرمشعال نےکہا کہ بانی کوسہولتیں میسرنہیں، سینیٹرمشعال نے کہا تھا کہ آپ کی سربراہی کمیٹی بنےجو جیل میں جائے، جیل رولز مجھے کمیٹی بنانے کی اجازت نہیں دیتا، میری معلومات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کوتمام سہولتیں میسرہیں۔

مشیر وزیرِ اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو قانون اجازت دیتا ہےکہ وہ جیل کا معائنہ کریں، گزشتہ ایک سال سےہم اِن سےکہہ رہے تھے ڈائیلاگ کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں