معرکہ حق کے بعد معرکہ معیشت جیت کر دکھائیں گے: ایس ایم تنویر
کراچی :(دنیا نیوز) فیڈریشن لیڈراورصدر یو بی جی ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ معرکہ حق کے بعد معرکہ معیشت جیت کر دکھائیں گے۔
شہرِ قائد میں گوہر اعجاز کے ہمراہ بزنس اتحاد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ ایک سال سے بزنس کمیونٹی کو متحد کرنے کی کوشش کررہے ہیں، تاجروں کے اتحاد سے ایس ایم منیر مرحوم کا آج خواب اور وعدہ پورا ہوگیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ بزنس گروپس کےدرمیان ہونےوالا معاہدہ بزنس کمیونٹی کی ترقی، فیڈریشن کی مضبوطی کاہے، معرکہ حق جیت لیا ہے اب معرکہ معیشت جیت کر دکھائیں گے۔
بزنس کمیونٹی کے پاس عوامی خدمت کا کوئی روڈ میپ نہیں ہے: گوہر اعجاز
سابق وفاقی وزیرگوہراعجاز کا کہنا تھا کہ کراچی چیمبر آف کامرس میں پہلا الیکشن 1989 میں لڑا تھا،ایس ایم منیر مرحوم نے پہلی بار یہاں کی بزنس کمیونٹی میں متعارف کرایا تھا ،یونائیٹڈ بزنس گروپ اور بزنس پینل گروپ کے اختلافات سے بزنس کمیونٹی کو کافی نقصان ہوا۔
اُنہوں نے کہا کہ ایس ایم تنویر نے تمام بزنس کمیونٹی سے مشاورت کے بعد بالآخر الحاق کا اعلان کیا، کیپٹل مارکیٹ کو یکدم 40 ہزار سے بڑھا کر 1 لاکھ 40 ہزار تک بڑھا دیا گیا ہے،سٹاک ایکسچینج میں صرف بینکنگ سیکٹر نے پرافٹ دیا باقی کارپوریٹ سیکٹر کا پرافٹ نہیں بڑھا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بینکوں کا ڈپازٹ 3 سال پہلے 22 ٹریلین روپے تھا جو بڑھ کر 35 ٹریلین سے تجاوز کرگیا،بزنس کمیونٹی اربوں روپے بینکوں میں رکھ کر صرف سود کھا رہی ہے، بزنس کمیونٹی کے پاس عوامی خدمت کا کوئی روڈ میپ نہیں ہے۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان کی صرف 30 ارب ڈالر کی برآمدات ہیں جوکہ انتہائی کم ہیں،اماراتی وزیر داخلہ نے کہا 3 ارب ڈالر رول اوور کرانے آئےہو یہاں پاکستانیوں نے 10 ارب ڈالر کی پراپرٹی خریدی ہے، آئی ایم ایف سے جتنا قرض لیتے ہیں اس سے زیادہ سرمایہ ملک سے باہر جا چکا ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ملک سے باہر جانے والے 100 ارب ڈالر کو واپس پاکستان لانے کا مشن ہے، بزنس کمیونٹی کے دونوں گروپس کے کاندھوں پر ذمہ داری ہے معیشت کو بہتر کریں۔