وزیر توانائی سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کی ملاقات، بجلی کے چیلنجز بارے تبادلہ خیال

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے ملاقات کی۔

ڈائریکٹر جنرل سینٹرل اینڈ ویسٹ ایشیا ڈیپارٹمنٹ ایشیائی ترقیاتی بینک نے وفد کی سربراہی کی ، اویس لغاری نے دورانِ گفتگو بجلی کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاورسیکٹرکےقرضوں کی ادائیگی کیلئے اے ڈی بی کے تعاون کی ضرورت ہے، پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے مقامی تاجروں سے رابطے جاری ہیں، حکومت مزید بجلی نہیں خریدے گی۔

وفاقی وزیرتوانائی نے کہا کہ بجلی کی خرید و فروخت کیلئے مسابقتی بجلی مارکیٹ متعارف کروا رہے ہیں، نجی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا پاور سیکٹر اصلاحات کا اہم ہدف ہے۔

اویس لغاری کا کہنا تھا کہ سمارٹ میٹرز کی تنصیب نجی شعبے کی شمولیت سے کی جائے گی، دوسری جانب دورانِ ملاقات ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاور سیکٹر کے مسائل کے حل کیلئے تعاون کا عندیہ بھی دیا۔

لیہ گٹیریس کا اِس حوالے سے کہنا تھا کہ سمارٹ میٹرنگ اور ٹیکنالوجی انضمام میں پاکستان کی معاونت کے خواہاں ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں