سال 2025 کے ناقابل فراموش عالمی واقعات

لاہور: (ویب ڈیسک) سال 2025 دنیا بھر میں سیاست، سماج، معیشت اور ٹیکنالوجی کے حوالے سے انتہائی متحرک اور یادگار رہا، اس سال کئی تنازعات، امن منصوبے، قدرتی آفات اور ٹیکنالوجی کے انقلاب نے عالمی منظرنامے کو بدل کر رکھ دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں دوبارہ آمد

جنوری 2025 میں ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری مدت کیلئے صدارت سنبھالی، اپنے دوبارہ انتخاب کے بعد انہوں نے میڈیا اور مخالفین کو سختی سے چیلنج کیا اور عالمی سطح پر سفارتی اقدامات کئے، اقتصادی بحران اور مہنگائی کی وجہ سے امریکی عوام میں ناخوشی بڑھ گئی، جبکہ مقامی انتخابات میں پارٹی کو نقصان ہوا۔

پاکستان نے بھارت کو آپریشن سندور میں ذلت آموز شکست دی

22 اپریل کو کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں دہشتگردانہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستان حملہ کیا، اس کے جواب میں پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا اور بھارتی فوج کے 8 جنگی طیارے تباہ کئے، جن میں 4 رافیل طیارے بھی شامل تھے، اس کارروائی کی تصدیق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کی، 3 دن کے شدید تصادم کے بعد امریکا کی ثالثی پر جنگ بند ہوئی، مگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی۔

غزہ میں جنگ بندی اور علاقائی تناؤ

ٹرمپ کی ثالثی کے ذریعے اسرائیل اور حماس کے درمیان 2 سال بعد جنگ بندی ہوئی، جس کے تحت یرغمالیوں کا تبادلہ اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی عمل میں آئی، انسانی امداد میں اضافہ ہوا، تاہم مستقل امن قائم کرنے کے اقدامات اب بھی زیر بحث ہیں، اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے جاری رکھے اور ایران کے جوہری مراکز پر 12 دن کی جنگ میں حملے کئے۔

یوکرین میں جنگ کا تسلسل

یوکرین اور روس کی جنگ 2025 میں جاری رہی، روس نے میزائل اور ڈرون حملے شدت سے جاری رکھے اور مارچ میں کورسک صوبہ واپس حاصل کیا، یوکرین نے آپریشن اسپائیڈر ویب کے تحت روسی فضائی اڈوں پر خفیہ حملہ کیا، امریکی ثالثی کے باوجود جنگ جاری رہی اور یورپی یونین نے یوکرین کیلئے 105 ارب ڈالر قرض کی منظوری دی۔

عالمی تجارتی جنگیں اور اقتصادی دباؤ

امریکا نے سٹیل، المونیم، تانبے اور دیگر صنعتوں پر متعدد بار ٹریف لگائیں، جس سے عالمی معیشت متاثر ہوئی، چین، یورپی یونین اور بھارت کے خلاف بھی ٹیرف لگائی گئی، نومبر میں کچھ درآمدی اشیاء جیسے کافی اور گوشت پر ٹیرف منسوخ کیا گیا تاکہ امریکی عوام کیلئے مہنگائی کم ہو۔

مصنوعی ذہانت (AI) میں تیزی

امریکا اور چین کے درمیان مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں مقابلہ تیز ہوا، چینی کمپنی DeepSeek نے جنوری میں عالمی سطح پر نمایاں ماڈل پیش کیا، جس کے بعد امریکی کمپنیوں نے اپنی سرمایہ کاری بڑھائی، AI مارکیٹ میں 1.5 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، جبکہ Nvidia کی قیمت 5 ٹریلین ڈالر تک جا پہنچی، تاہم AI کے استعمال کے باعث معلوماتی بدعنوانی، ملازمتوں کے خاتمے اور قانونی پیچیدگیوں کے خدشات بھی بڑھ گئے۔

پوپ لیو XIV کا انتخاب

8 مئی کو رابرٹ فرانسس پریواسٹ کو نیا پوپ منتخب کیا گیا، جو شمالی امریکا سے پہلے پوپ ہیں، انہوں نے لیو XIV کا نام لیا اور غریب، مہاجرین اور ماحولیات پر توجہ دی۔

جین زی تحریکیں اور نیپال میں احتجاج

نیپال میں نوجوانوں کی تحریک نے ملک کی سیاست کو جھنجھوڑ دیا، سوشل میڈیا پر بدعنوانی اور معاشرتی ناہمواری کے خلاف احتجاج کیا گیا، جس کے نتیجے میں وزیراعظم کو استعفی دینا پڑا، افریقہ اور لاطینی امریکا میں بھی نوجوانوں کی تحریکیں طاقتور بنیں اور طاقت کے خلاف عالمی مظاہروں کی علامت بنیں۔

موسمیاتی آفات اور ریکارڈ توڑ موسم

ویتنام میں شدید سیلاب، کیریبین میں طوفان جبکہ پاکستان اور بھارت میں شدید مون سون کے باعث بڑے نقصان ہوئے، فلپائن میں 2 ماہ میں 3 ٹائفون آئے، جبکہ یورپ میں جنگلات میں آگ نے بھی نئے ریکارڈ قائم کئے۔

فرانس لوور میوزیم میں چوری

19 اکتوبر کو پیرس کے لوور میوزیم سے تاج اور زیورات چوری ہوئے، جن کی قیمت 88 ملین یورو تھی، چور فرار ہونے میں کامیاب ہوئے، تاہم 3 مشتبہ افراد گرفتار کر لئے گئے۔

کمبوڈیا اور تھائی لینڈ میں جھڑپیں

جولائی میں صدی پرانے سرحدی تنازع پر دونوں ممالک کے درمیان لڑائی ہوئی، درجنوں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوئے، اکتوبر میں ASEAN سمٹ میں امن معاہدہ ہوا، مگر نومبر میں دھماکوں کے بعد کشیدگی دوبارہ بڑھ گئی۔

سال 2025 نے عالمی سیاست، فوجی تصادم، انسانی بحران، اقتصادی دباؤ، اور ٹیکنالوجی کے انقلاب میں اہم پیشرفت دیکھی، یہ سال انسانی تاریخ اور عالمی تعلقات میں یادگار رہا، اور آنے والے سال 2026 کیلئے ٹھوس بنیاد فراہم کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں