پاکستان کے سب سے بڑی سکوک بانڈ کا اجراء، عالمی مالیاتی میدان میں نیا سنگ میل
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایس آئی ایف سی کے انقلابی اصلاحاتی اقدامات نے پاکستان کے مالیاتی اور سرمایہ کاری کے شعبہ کو استحکام اور نئی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
پاکستان کی اسلامی مالیاتی مارکیٹ انقلابی ترقی اور بے مثال سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتے ہوئے عالمی مرکز بن چکی ہے، پاکستان مستقبل کے لیے مستحکم اور پائیدار اسلامی مالیاتی مارکیٹ کی تشکیل میں مصروف عمل ہے۔
حکومتِ پاکستان کی جانب سے 2025 میں سب سے بڑی سکوک (بانڈ) کے تاریخی اجراء نے عالمی مالیاتی میدان میں ایک نیا سنگِ میل عبور کر لیا۔
وزارتِ خزانہ نے ڈیٹ مینجمنٹ آفس اور جوائنٹ فنانشل ایڈوائزرز کے اشتراک سے 2 کھرب روپے سے زائد سکوک (بانڈ) جاری کر کے تاریخی کامیابی حاصل کی۔
فکسڈ اور ویری ایبل ریٹ رِیٹرنز کے تحت رواں سال کے دوران 61 سکوک (بانڈ) جو ایک، تین، پانچ اور دس سالہ دورانیہ میں اجرا کیے گئے، پاکستان کے پہلے گرین سکوک (بانڈ) کی تاریخی کامیابی، سرمایہ کاروں کی زبردست دلچسپی کے باعث یہ 5.4 گنا سے زائد سبسکرائب ہوا۔
کلیدی اثاثوں میں پاکستان ریلوے، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی، ایئرپورٹس، کراچی پورٹ ٹرسٹ اور دیگر اہم قومی ادارے شامل ہیں، 2019 سے 2025 کے دوران سکوک (بانڈ) کے مجموعی اجرا کا حجم 8.7 کھرب روپے کے تاریخی ریکارڈ تک پہنچ گیا۔
پاکستان کے اسلامی مالیاتی مارکیٹ میں تاریخی سنگِ میل قائم، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور مالیاتی مضبوطی کی ایک نئی داستان رقم ہو رہی ہے۔
پاکستان میں شریعت کے مطابق سرمایہ کاری میں دلچسپی نے پاکستان کی اقتصادی بصیرت اور دیرپا ترقی کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے، پاکستان میں مضبوط میکرو اکنامک بنیاد اور منظم قرضہ حکمت عملی اور واضح اسلامی مالیاتی روڈ میپ سے ترقی کی راہ مزید ہموار ہو چکی ہے۔
ایس آئی ایف سی کی مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی کے باعث پاکستان کا اسلامی سرمایہ کاری اور مالیاتی شعبہ عالمی سطح پر مستحکم مقام حاصل کر رہا ہے۔