خیبرپختونخوا: ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا ایک ماہ میں یقینی بنانے کا فیصلہ

پشاور: (ذیشان کاکاخیل) خیبرپختونخوا میں سست روی کے شکار ڈرائیونگ لائسنس کے عمل سے متاثرہ شہریوں کے لیے اچھی خبر سامنے آ گئی۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق سالوں سے ڈرائیونگ لائسنس کے منتظر افراد کو اب ایک ماہ کے اندر لائسنس جاری کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں اس وقت ایک لاکھ 17 ہزار 190 افراد ڈرائیونگ لائسنس کے انتظار میں ہیں، سب سے زیادہ لائسنس سوات میں جاری کیے جانے ہیں جہاں 16 ہزار 996 افراد منتظر ہیں۔

حکام کے مطابق ہری پور میں 9 ہزار 945، پشاور میں 9 ہزار 700، مردان میں 8 ہزار 697، دیر میں 7 ہزار 965 جبکہ ایبٹ آباد میں 6 ہزار 864 افراد کو لائسنس جاری کیے جائیں گے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق بروقت لائسنس نہ ملنے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا جس کے پیش نظر اب باقاعدہ شیڈول کے تحت لائسنس کی چھپائی کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔

سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ محمد زبیر نے بتایا ہے کہ یکم جنوری سے 30 جنوری تک تمام زیر التوا (پینڈنگ) کیسز کو حل کر لیا جائے گا جس کے بعد ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا عمل معمول پر آ جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں