یاسمین راشد کا 9 مئی مقدمات میں سزاؤں کیخلاف عدالت سے رجوع
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے نو مئی کے تین مختلف مقدمات میں سنائی گئی سزاؤں کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کر دیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے وکیل رانا مدثر عمر کی وساطت سے اپیلیں دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کا درست جائزہ لیے بغیر تینوں مقدمات میں سزائیں سنائیں، اپیلوں میں استدعا کی گئی ہے کہ نو مئی کے تینوں مقدمات میں سنائی گئی سزاؤں کو کالعدم قرار دیا جائے۔
اپیلوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے جلد بازی میں ٹرائل مکمل کر کے غیر قانونی طور پر سزائیں سنائیں جو انصاف کے تقاضوں کے منافی ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور ہائیکورٹ سے درخواست کی ہے کہ اپیلوں کے حتمی فیصلے تک تینوں مقدمات میں ان کی سزا معطل کی جائے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے تھانہ گلبرگ، نصیر آباد اور ریس کورس میں درج نو مئی کے مقدمات میں سنائی گئی سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر کی ہیں۔