سعودیہ نے صومالیہ کی خود مختاری کو سبوتاژ کرنیکی کسی بھی کوشش کو مسترد کر دیا

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودیہ نے صومالیہ کی خود مختاری کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کر دیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی کابینہ نے صومالیہ کی صورتحال کے حوالے سے جدہ میں ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیرمعمولی اجلاس کے نتائج کی بھی حمایت کی، کابینہ کا اجلاس گزشتہ روز ریاض میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرِصدارت منعقد ہوا جس میں خطے کی صورتِحال اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراطلاعات سلمان الدوسری نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ کابینہ نے جدہ میں صومالیہ کی صورتحال پر او آئی سی کے غیرمعمولی اجلاس کے نتائج کی حمایت کی، صومالیہ کے اتحاد، علاقائی سالمیت یا قومی خود محتاری کو نقصان پہنچانے والے متوازی ادارہ بنانے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کیا۔

کابینہ نے سعودی عرب اور مختلف ممالک کے ساتھ ہونے والی اعلیٰ سطح کی مشاورت اور بات چیت کا جائزہ لیا، جس میں علاقائی صورتحال اور امن کے لئے جاری کوششوں پر بات کی گئی، اجلاس میں غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے مملکت کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

سعودی عرب کی میزبانی میں مشترکہ مشق گلف شیلڈ 2026ء کے کامیاب اختتام کو سراہا گیا، سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے کئی اقتصادی اجلاسوں کا بھی جائزہ لیا گیا جس میں سعودی، جاپانی وزارتی سرمایہ کاری فورٹ، سعودی کینیڈین بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم نمایاں ہیں۔

اجلاس میں سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان سیاسی مشاورت سے متعلق مفاہمتی یادداشت کے مسودے کی منظوری بھی دی، سعودی کابینہ نے مختلف ممالک کے ساتھ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے مسودے کی بھی منظوری دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں