ازبک صدر شوکت مرزیا یوف 2 روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ازبکستان کے صدر شوکت مرزیا یوف اپنے 2 روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ازبک صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطح وفد بھی پاکستان آئے گا، ازبکستان کے صدر وزیراعظم اور صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے جبکہ شہباز شریف اور شوکت مرزیایوف کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ ازبک صدر پاکستان۔ازبکستان بزنس فورم سے خطاب کریں گے، پاک۔ازبک مذاکرات میں تجارت، توانائی اور دفاعی تعاون پر بات ہوگی جبکہ تعلیم، عوامی روابط اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر بھی زور دیا جائے گا۔

خیال رہے ازبک صدر شوکت مرزیایوف کا پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہوگا، دورہ پاک۔ازبک تعلقات میں تیزی سے بہتری کی عکاسی کرتا ہے، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں