ٹی20 ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو 30 رنز سے شکست دے دی
وانکھیڈے : (دنیا نیوز) ٹی20 ورلڈ کپ کے 15ویں گروپ میچ میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو 30 رنز سے شکست دے دی ہے۔
وانکھیڈے کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز سکور کیے اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 197 رنز کا ہدف دیا۔
ویسٹ انڈیز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوسکا اور ابتدائی 2 وکٹیں صرف 8 رنز پر گر گئیں، شائی ہوپ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ برینڈن کنگ صرف 1 رن بناسکے۔ اس کے بعد شمرون ہیٹمائر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 12 گیندوں پر 23 رنز بنائے۔
روسٹن چیز نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 29 گیندوں پر 34 رنز اسکور کیے، جس میں 6 چوکے شامل تھے، اصل ہیرو شیرفین ردرفورڈ رہے جنہوں نے 42 گیندوں پر ناقابلِ شکست 76 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 2 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ جیسن ہولڈر نے بھی 17 گیندوں پر 33 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جبکہ روومین پاول نے 14 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، فل سالٹ نے 30 اور جوز بٹلر نے 21 رنز بنائے۔ جیکب بیتھل نے 33 رنز کی اننگز کھیلی، مگر دیگر بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔
سیم کوران نے آخر تک مزاحمت کی اور 30 گیندوں پر ناقابلِ شکست 43 رنز بنائے، لیکن وہ ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔ پوری انگلش ٹیم 19 اوورز میں 166 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔