افغانستان کے دو صوبوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے، انفراسٹرکچر تباہ

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان کے صوبوں پکتیکا اور ننگر ہار میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے ملیا میٹ ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق جیٹ طیاروں نے صوبہ پکتیکا کے علاقے برمل میں مرغا بازار کے قریبی علاقے میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے۔

اس کے علاوہ ضلع ارگون میں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ ننگر ہار کے ضلع خوگیانی، خیلو، غنی خیل اور بحسود میں بھی فضائی حملے کیے گئے ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق فضائی حملوں کے بعد دھماکے ہوئے اور پورا علاقہ گونج اٹھا، حملوں کے باعث دہشت گردوں کو اپنے ٹھکانوں سے نکلنے کا موقع ہی نہ مل سکا۔

حملوں میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں تاہم فوری طور پر افغان حکام کی طرف سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی، کالعدم ٹی ٹی پی کے سوشل میڈیا گروپس میں دہشت گردوں کی بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں