ریاض ریفائنری، طیاروں کو ایندھن فراہم کرنے والا امریکی سیکٹر تباہ: ایرانی میڈیا

تہران: (دنیا نیوز) ایران نے سعودی عرب میں امریکی طیاروں کو ایندھن فراہم کرنے والا ریاض ریفائنری کا امریکی سیکٹر تباہ کرنے کا دعویٰ کر دیا۔

ایران کے پریس ٹی وی کے مطابق یہ سیکٹر پرنس سلطان ایئر بیس پر تعینات امریکی فضائیہ کے طیاروں کو ایندھن فراہم کرنے کیلئے قائم کیا گیا تھا، ریاض ریفائنری کے امریکی سیکٹر کو میزائل حملے کے دوران تباہ کر دیا گیا۔

دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت دفاع نے ریاض کی جانب داغے گئے چار میزائلوں کو روک کر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، سعودی سول ڈیفنس کے جنرل ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی جائزوں کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ پورے دارالحکومت میں میزائلوں کا ملبہ بکھرا ہوا ہے، سعودی سول ڈیفنس نے لوگوں کو ملبے کے گرد جمع ہونے یا فلم بندی نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سعودی حکام کی جانب سے عوام کو کہا گیا ہے کہ وہ خطرناک جگہوں سے دور رہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے کی اطلاع دیں، سعودی سول ڈیفنس سعودی سول ڈیفنس کے مطابق ریاض میں ایک رہائشی عمارت پر بیلسٹک میزائل کے ملبے کے ٹکڑے گرنے سے 4 افراد زخمی ہو گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں