پینٹاگون نے وائٹ ہاؤس سے ایران جنگ کے لئے مزید 200 ارب ڈالر مانگ لئے

واشنگٹن: (دنیا نیوز) پینٹاگون نے وائٹ ہاؤس سے ایران جنگ کے لئے مزید 200 ارب ڈالر مانگ لئے۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق پینٹاگون نے وائٹ ہاؤس سے کہا ہے کہ وہ کانگریس سے ایران میں جاری جنگ کے لئے 200 ارب ڈالر سے زائد فنڈز کی منظوری لے، امریکی اخبار کے مطابق یہ فنڈز حاصل کرنے کی کوشش کانگریس میں بڑی سیاسی جنگ کا سبب بن سکتی ہے کیونکہ عوامی حمایت کمزور ہے اور ڈیموکریٹس سخت تنقید کر رہے ہیں۔

امریکی اخبار نے بتایا کہ ریپبلکنز نے اس ضمن میں حمایت کا عندیہ دیا ہے لیکن انہوں نے کوئی واضح حکمت عملی یا سینیٹ میں 60 ووٹ حاصل کرنے کا راستہ نہیں بتایا، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی خارجہ مہمات کو ختم کرنے پر مہم چلائی تھی اور بائیڈن انتظامیہ پر یوکرین جنگ کے لیے منظور شدہ رقم کی تنقید کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق دسمبر تک کانگریس نے یوکرین جنگ کے لئے 188 ارب ڈالر کی منظوری دی، واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ٹرمپ نے بارہا اپنے پیشرو پر تنقید کی کہ اس نے 2022 میں شروع ہونے والے روس کے حملے کے دوران یوکرین کے دفاع میں مدد دی۔

تاہم ٹرمپ نے یہ بھی مبالغہ آرائی کی کہ امریکا نے روس کو روکنے کے لئے یوکرین کی مدد پر کتنا خرچ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں