وزیراعلیٰ پنجاب کا چاند رات پر بازاروں میں اضافی نفری تعینات کرنے کا حکم

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چاند رات کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔

انہوں نے بس سٹینڈز، ویگن اڈوں، تجارتی مراکز اور مارکیٹوں میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے چاند رات پر بازاروں میں اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت دی ہے، جبکہ خواتین اور بچوں کو ہراسانی سے بچانے کے لیے ویمن پولیس سکواڈ کی خصوصی گشت بھی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ ہراسانی کے واقعات کی روک تھام ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

علاوہ ازیں، بازاروں اور مارکیٹوں کی نگرانی کے لیے ڈرون کیمروں کے استعمال اور رات کے وقت نائٹ ویژن دوربینوں سے مانیٹرنگ کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

مریم نواز شریف نے چاند رات کے موقع پر سڑکوں پر ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے سخت نگرانی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

انہوں نے اے ٹی ایمز اور بینکوں کے اطراف سکیورٹی اور گشت بڑھانے، جبکہ پولیس اور ٹرانسپورٹ حکام کو بس سٹینڈز اور ویگن اڈوں پر مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

مزید برآں، ہدایت میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں سے متعلق شفافیت یقینی بنانے کے لیے بسوں اور ویگنز کی ونڈ سکرین پر مقررہ کرایہ نامہ آویزاں کرنے کا حکم بھی شامل ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں