پاکستان سپر لیگ 11 کیلئے بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں کو این او سی جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کیلئے بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں کو این او سی جاری کر دیئے گئے۔

بنگال میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ کی سیریز کی وجہ سے جزوی این او سی جاری کئے، پی ایس ایل کی وجہ سے مستفیض الرحمان کو نیوزی لینڈ کے ساتھ ٹی 20 سیریز سے چھٹی مل گئی۔

نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش میں 17 ، 20 اور 23 اپریل کو ون ڈے میچز کی سیریزکھیلنا ہے، ٹی 20 میچز کی سیریز 27 اپریل، 29 اپریل اور 2 مئی کو شیڈولڈ ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے بنگلا دیش ٹیم کا کیمپ 27 مارچ سےشروع ہوگا۔

مستفیض الرحمان، پرویزحسین، شرف الاسلام، ناہید رانا، تنزید حسن اور ریشاد حسین کا پی ایس ایل میں معاہدہ ہے۔

بنگلہ دیش کے پی ایس ایل میں کنٹریکٹڈ کھلاڑی کیمپ میں شرکت نہیں کریں گے، بنگلہ دیش بورڈ نے تمام کھلاڑیوں کو جزوی این ا و سی جاری کئے ہیں، کھلاڑیوں کو ون ڈے سیریز کیلئے دستیاب رہنے کا کہا گیا ہے، ون ڈے سیریز ورلڈ کپ کوالیفکیشن کیلئے بڑی اہم ہے۔

بورڈ آفیشل کے مطابق فاسٹ باؤلرمستفیض الرحمان کو دو حصوں میں این او سی دیا گیا ہے، مستفیض الرحمان کو 26 مارچ سے 12 اپریل اور 24 اپریل سے 3 مئی تک این او سی دیا گیا ہے، انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریزسے استثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

تنزید حسن، شرف الاسلام، ناہید رانا اور ریشاد حسین کو 12 اپریل تک این او سی جاری ہوئے ہیں، پرویز حسین کو 21 اپریل تک پی ایس ایل کیلئے این او سی جاری ہوا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں