سعودی عرب اور قطر کا پاکستان کی جانب سے عید پر آپریشن روکنے کا خیرمقدم
ریاض، دوحہ: (ویب ڈیسک) سعودی عرب اور قطر نے پاکستان کی جانب سے عید الفطر پر افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن غضب للحق روکنے کا خیر مقدم کیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے عارضی جنگ بندی کو امن کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ سعودی عرب، قطر اور ترکیےکی اپیلوں پرجنگ بندی خوش آئند ہے، سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ مذاکرات ہی تنازعات کے حل کا بہترین راستہ ہے۔
قطر نے بھی عید الفطر کےموقع پرجنگ بندی کا خیرمقدم کرتےہوئے کہا کہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان ماحول بہتربنانےکی مثبت پیش رفت ہے، عارضی جنگ بندی پائیدار جنگ بندی معاہدے کی راہ ہموار کرے گی۔
یاد رہے کہ وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ عید الفطر کے اسلامی تہوار کے پیش نظر آپریشن غضب للحق عارضی طورپر روکنے کا فیصلہ کیا ہے، آپریشن 23 اور24مارچ کی درمیانی رات تک رکا رہے گا۔
خیال رہے کہ یہ بھی کہا گیا کہ افغانستان سے دراندازی پر آپریشن مزید شدت سے شروع ہو جائے گا۔