مستحقین کی عزت نفس مجروح کئے بغیر رمضان پیکج تقسیم کیا: عظمیٰ بخاری
لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مستحقین کی عزت نفس مجروح کئے بغیر رمضان پیکج تقسیم کر دیا۔
اپنے بیان میں صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کامیابی سے رمضان نگہبان پیکج کی تقسیم عمل میں لائی ہے، پنجاب حکومت نے امدادی کارڈ کی تقسیم، دسترخوان اور سہولت بازار کے تینوں اہداف حاصل کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں مستحق افراد کو ان کی دہلیز پر امدادی رقم کے کارڈ پہنچائے گئے ہیں، کسی بھی سفید پوش اور مستحق شہری کی عزت نفس کو مجروح نہیں کیا گیا، اربوں روپے کے رمضان پیکج کی تقسیم کا عمل شفاف طریقے سے سر انجام پایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں شہریوں نے ’’مریم کے دسترخوانوں‘‘ سے روزے افطار کئے ہیں، یہ ہے مریم نواز کا پنجاب بدلتا ہوا پنجاب۔ صوبے میں آج الحمدللہ نئی مثالیں قائم ہو رہی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز نے پنجاب کے وزراء اور افسران کو عوام کی خدمت کرنا سکھائی ہے، پہلی حکومتوں کو عوام ڈھونڈتے تھے دربدر دھکے کھاتے تھے، اب حکومت اور حکومتی وسائل خود چل کر لوگوں کی دہلیز تک پہنچ رہے ہیں، یہ ہے اصل تبدیلی اور یہ ہے اصل انقلاب۔