عطا تارڑ کی لاہورمیں کتا کاٹنے سے بچی کی ہلاکت پر متاثرہ خاندان سے ملاقات
لاہور:(دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت میں ٹاؤن شپ میں گزشتہ روز کتے کی کاٹنے سے آٹھ سالہ بچی مہر کی ہلاکت کے معاملہ پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور سینیئر سیاستدان ساجدہ فاروق متاثرہ خاندان کے گھر آمد ہوئی۔
عطاء اللہ تارڑ اور ساجدہ فاروق تارڑ نے مرحومہ مہر کے والد قیصر صدیق مسیح سے ملاقات کی، اس موقع پر اہلخانہ سے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔
انہوں نے پانچ لاکھ روپے کا چیک متاثرہ خاندان کو دیا، بچی کے والد کی نوکری کے احکامات بھی جاری کیے اور کہا کہ رفاقت ڈوگر اور میری گل کی دورکنی کمیٹی بنا دی۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کمیٹی کتوں کو مارنے کے حوالے سے عدالتی سٹے دینے والی عدالت کے سامنے صورتِ حال کو رکھے گی، کمیٹی عدالت سے سٹے ختم کرنے کی درخواست بھی کرے گی۔
عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ اس واقعے پر دِل انتہائی غم زدہ ہے، اللہ تعالیٰ آپ کو صبر عطا کرے، آپ کے غم میں برابر شریک ہیں، ایسے واقعات کو کنٹرول کرنے کے لئے جو بھی ممکن ہوگا کریں گے۔