کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی منظوری

ویانا: (ویب ڈیسک) آسٹریا نے ملک بھر میں 14 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کی منظوری دے دی ہے، جبکہ 28-2027 تعلیمی سال سے اعلیٰ ثانوی نصاب میں میڈیا لٹریسی اور مصنوعی ذہانت (AI) کی تعلیم کو فروغ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نائب چانسلر کا دوران پریس کانفرنس کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نوجوانوں پر منفی اثرات ڈال رہے ہیں اور اس لیے عمر کی حد مقرر کرنا ضروری ہے، جیسا کہ بعض دیگر مواد اور اشیاء کیلئے کیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ پابندی قومی سطح پر نافذ کی جائے گی، جبکہ آسٹریا یورپی یونین میں بھی اس نوعیت کے اقدامات کے فروغ کے لئے کوششیں جاری رکھے گا۔

نائب چانسلر کا کہنا تھا کہ نئے تعلیمی اصلاحات کے تحت اعلیٰ ثانوی سطح پر میڈیا لٹریسی کو ایک باقاعدہ مضمون کے طور پر شامل کیا جائے گا، انفارمیٹکس کی کلاسز کو بھی وسعت دی جائے گی، جن میں مصنوعی ذہانت شامل ہوگی تاکہ طلبہ کو ڈیجیٹل نظام کو سمجھنے اور اس کے خطرات و مواقع کی نشاندہی کرنے کی صلاحیت دی جا سکے۔

آسٹریا کا یہ اقدام دنیا بھر میں کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو محدود کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کا حصہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں