فریال تالپور کی پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو وارڈ سطح پر مضبوط بنانے کی ہدایت
کراچی: (دنیا نیوز) پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے کراچی میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو وارڈ سطح پر مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کر دی۔
پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور کی زیر صدارت اجلاس ہوا، زرداری ہاؤس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں کراچی کے تنظیمی امور اور ترقیاتی منصوبوں پر غور و خوض کیا گیا۔
فریال تالپور کو اجلاس میں تنظیمی امور سمیت کراچی میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی، فریال تالپور نے رہنماؤں کی جانب سے دی گئی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو اور جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی، صوبائی وزیر بلدیات، ناصر حسین شاہ، پی پی پی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی، میئر مرتضیٰ وہاب اور ایم این اے قادر پٹیل شریک ہوئے۔
وزیر اعلیٰ کے مشیر نجمی عالم، ایم پی اے سہیل انور سیال، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری رؤف ناگوری، ڈپٹی میئر سلمان مراد، ایم این اے شاہدہ رحمانی، کرم اللہ وقاصی اور نعمان شیخ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
فریال تالپور نے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے اور ترقیاتی عمل کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔