منی لانڈرنگ کیس: ڈاکٹر فضیلہ عباسی کا گرفتاری سے بچنے کیلئے عدالت سے رجوع
اسلام آباد:(دنیا نیوز) معروف اداکار حمزہ عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے ڈاکٹر فضیلہ عباسی کیس کل سماعت کے لیے مقرر کر دیا، جسٹس اعظم خان کل ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی درخواست ضمانت کی سماعت کریں گے۔
ٹرائل کورٹ نے عدم پیشی پر ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی ضمانت منسوخ کر دی تھی، وہ اربوں روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کو مطلوب ہیں۔
واضح رہے ایف آئی اے نے ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس درج کیا ہے، جس میں الزام ہے کہ ان کے 22 بینک اکاؤنٹس میں تقریباً 25 ارب روپے کا ٹرن اوور ہوا جب کہ ان کی ظاہر کردہ سالانہ آمدن صرف 4 سے 6 لاکھ روپے تھی۔