سانحہ گل پلازہ: جوڈیشل کمیشن کا بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، کے ایم سی کو نوٹس، وضاحت طلب
کراچی: (دنیا نیوز) سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشنل کمیشن نے ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور میونسپل کمشنر کے ایم سی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی ہے۔
سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے سے کراچی بلڈنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ریگولیشنز پر عمل درآمد اور میونسپل کمشنر کے ایم سی سے گل پلازہ کی اراضی کے استعمال میں تبدیلی کی منظوری سے متعلق وضاحت طلب کرلی ہے۔
کمیشن نے ڈی جی ایس بی سی اے سے استفسار کیا گیا ہے کہ گل پلازہ جیسی عمارتوں میں بلڈنگ ریگولیشنز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی قانونی ذمہ داری کس ادارے پر عائد ہوتی ہے، متعلقہ قانونی شقوں کا حوالہ بھی فراہم کیا جائے۔
کمیشن کا کہنا تھا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول آرڈیننس 1979ء اور کراچی بلڈنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ریگولیشنز 2002ء کی روشنی میں ایس بی سی اے اپنے کردار اور ذمہ داریوں کی وضاحت کرے۔
کمیشن نے میونسپل کمشنر کے ایم سی سے بھی زمین کے استعمال میں تبدیلی کی منظوری سے متعلق وضاحت طلب کی ہے کہ کے ایم سی یا کسی سابقہ متعلقہ ادارے کی جانب سے گل پلازہ کی زمین کے مقصد یا استعمال میں تبدیلی کی کوئی منظوری دی گئی یا نہیں، اس بارے میں مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں۔
اس حوالے سے تمام معلومات اور ریکارڈ یکم اپریل تک جوڈیشل کمیشن سیکرٹریٹ میں جمع کروایا جائے۔