کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلے، 9 ملزمان گرفتار

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات گئے پولیس سے مبینہ مقابلوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 9 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔

پولیس نے لائنز ایریا گدا موڑ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ساتھی فائرنگ کرتا ہوا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، ادھر سچل پولیس کا سپر ہائی وے انارہ گارڈن کے قریب ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، دو طرفہ فائرنگ کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا تاہم ساتھی فرار ہو گیا۔

فیروز آباد پولیس اور شاہین فورس نے ہل پارک کے قریب مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، نیو کراچی پولیس سے مقابلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، گلبہار پولیس نے بھی مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ساتھی فرار ہو گیا۔

اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل پولیس نے ہل پارک کے قریب مشکوک کار کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر کار میں سوار ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔

نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے سیکٹر 6 بی کے قریب مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینا ہوا سامان، موٹر سائیکل اور کار برآمد کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں