لبنان اور ایران پر کوئی بھی حملہ ترکیے پر تصور کیا جائے گا: طیب اردوان

انقرہ :(دنیا نیوز) ترک صدر طیب اردوان نے کہا ہے کہ لبنان اور ایران پر کوئی بھی حملہ ترکیے پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق طیب اردوان کا مشرق وسطیٰ کی صورتِ حال اور جاری کشیدگی پر اپنے بیان میں کہنا تھا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی جنگی صورتِ حال انتہائی تشویشناک ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اسرائیل آگ سے کھیلنا بند کرے ورنہ عبرتناک سبق سکھائیں گے، اسرائیل امن عمل کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے سے باز رہے، لبنان اور ایران پر کوئی بھی حملہ ترکیے پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ علاقائی امن کو سبوتاژ کرنے کی قیمت اسرائیل کو چکانا پڑے گی، مذاکرات ناکام ہوئے تو پھر اسرائیل پر حملہ ہمارا فرض ہے، جس طرح ہم  کار اباخ اور لیبیا میں داخل ہوئے، اسرائیل  میں بھی ایسا ہی کریں گے۔

طیب اردوان نے کہا کہ اگر پاکستان ثالثی نہ کر رہا تو ہم کب کا یہ قدم اٹھا چکے ہوتے، نیتن یاہو خون اور نفرت میں اندھے ہو چکے ہیں، اسرائیلی وزیراعظم کے خلاف جنگی جرائم کے مقدمات درج کریں گے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ  جنگ بندی کے دنوں میں بھی اسرائیل نے سیکڑوں نہتے بے گناہ لبنانی شہریوں کا خون بہایا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں