پاکستانی رنرز کا بوسٹن میراتھون 2026 میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ
بوسٹن: (ویب ڈیسک) پاکستانی رنرز نے بوسٹن میراتھون 2026 میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔
پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے 13 رنرز نے پیر کو ہونے والی دنیا کی سب سے باوقار میراتھونز میں سے ایک کو کامیابی سے مکمل کیا۔
کراچی کے محمد امجد علی، جو کہ ایک پولیس کانسٹیبل ہیں، پاکستانی شرکاء میں سب سے آگے رہے، امجد نے 2 گھنٹے 42 منٹ 45 سیکنڈ میں ریس مکمل کر کے اس سال کے تیز ترین پاکستانی رنر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
امریکا میں مقیم سید حمزہ نے 2:51:06 کے ساتھ پاکستانیوں میں دوسری جبکہ نزار نیانی نے 3:01:44 کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

نارویجئن پاکستانی محمد فصیح صالح نے 3:10:36 کے ساتھ پرسنل بیسٹ بنایا، برطانوی نژاد شہزادہ حسین اور خاتون رنر بشیری انجم نے بھی نمایاں پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، برطانیہ میں مقیم پاکستانی خاتون رنر ماہین شیخ نے بھی اس دوڑ میں اپنا پرسنل بیسٹ حاصل کیا۔
فصیح صالح کے علاوہ دیگر تین پاکستانی رنرز نے بھی 6 سٹار سفر مکمل کیا ان میں کراچی کے ڈاکٹر جہانزیب مغل، نوشیروان علی اور اسلام آباد کے بلال احسن شامل ہیں۔

بلال احسن نے گھٹنے کی انجری سے ریکور ہونے کے بعد بوسٹن میں اپنی دوڑ تین گھنٹے، تیئس منٹ میں مکمل کی۔
کراچی کے نوشیروان علی نے 4:15:33 میں ریس مکمل کر کے سکس سٹار فائنشر کا اعزاز حاصل کیا، انہوں نے کہا کہ ان کا سفر صرف فٹنس سے شروع ہو کر مقصد اور خود شناسی تک پہنچا، جس نے انہیں ایک بہتر انسان بننے کا حوصلہ دیا۔
کراچی کے ڈاکٹر جہانزیب مغل نے 5:01:39 میں ریس مکمل کی اور 6 سٹار فننشرز کی فہرست میں شامل ہوگئے۔

بوسٹن میراتھون میں شریک پاکستانی رنرز کے مکمل نتائج:
محمد امجد (کراچی) – 2:42:45
سید حمزہ (امریکا) – 2:51:06
نزار نیانی (امریکا) – 3:01:44
فصیح صالح (ناروے) – 3:10:36 (پی بی، سکس اسٹار)
شہزادہ حسین (برطانیہ) – 3:21:45
بشیری انجم (امریکا) – 3:22:45
بلال احسن (اسلام آباد) – 3:23:53 (سکس اسٹار)
عامر بٹ (امریکا) – 3:43:33
ڈاکٹر سلمان خان (امریکا) – 3:46:48
جامع خان (امریکا) – 3:47:26 (پی بی)
ماہین شیخ (برطانیہ) – 3:52:01 (پی بی)
نوشیروان علی (کراچی) – 4:15:33 (سکس اسٹار)
ڈاکٹر جہانزیب مغل (کراچی) – 5:01:39 (سکس اسٹار)