ماسکو: آل رشین میونسپل فورم اور ’’سروس‘‘ ایوارڈز کی تقاریب، صدر پوتن کی شرکت
ماسکو: (شاہد گھمن سے) روس کے دارالحکومت ماسکو میں تین روزہ تیسرا آل رشین میونسپل فورم ’’سمال ہوم لینڈ – روس کی طاقت‘‘ 20 سے 22 اپریل تک قومی مرکز “روس میں منعقد ہوا جو اختتام پذیر ہوگیا ہے، اس بڑے اجتماع میں ملک بھر سے تقریباً 7 ہزار بلدیاتی نمائندوں نے شرکت کی۔
فورم کی نمایاں خصوصیت غیر ملکی وفود کی شرکت رہی، جن میں ابخازیا، آرمینیا، بیلاروس، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے 60 سے زائد نمائندے شامل تھے، غیر ملکی مہمانوں نے میونسپل سفارتکاری، انتظامی تجربات کے تبادلے اور ’’سِسٹر سٹیز فورم‘‘ کے تحت انسانی و ثقافتی تعاون کے امکانات پر گفتگو کی۔
فورم کا انعقاد آل رشین ایسوسی ایشن فار ڈیولپمنٹ آف لوکل سیلف گورنمنٹ (VARMSU) نے صدارتی انتظامیہ کے تعاون سے کیا، اجلاس میں روس کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے جن میں دیمتری میدویدیف، ویلنٹینا ماتوینکو، مارات خُسنیولن اور میکسم اوریشکن شامل تھے۔
.jpg)
صدارتی انتظامیہ کے فرسٹ ڈپٹی ہیڈ سرگئی کیریینکو نے بلدیاتی کارکنوں کی خدمات کو ’’خودغرضی سے پاک خدمت‘‘ قرار دیا۔
بلدیاتی خودمختاری کے دن سے قبل ملک کے 30 علاقوں سے تعلق رکھنے والے 39 نمائندوں کو سرکاری اعزازات سے نوازا گیا، فورم کا مرکزی ایونٹ میونسپل ایوارڈ ’’سروس‘‘ کی تقریب تھی، جس کیلئے 63 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ عوامی ووٹنگ میں 16 لاکھ سے زیادہ شہریوں نے حصہ لیا۔
اسی سلسلے میں لائیو ایرینا میں منعقدہ ’’سروس‘‘ ایوارڈز کی پروقار تقریب میں روسی صدر ولادیمیر پوتن نے بھی شرکت کی، تقریب میں ملک بھر سے میئرز، بلدیاتی نمائندے اور اعلیٰ حکام شریک ہوئے جبکہ غیر ملکی مہمان بھی موجود تھے۔
پہلی مرتبہ ایوارڈ میں ’’روس کے عوام کے اتحاد – ملک کی طاقت‘‘ کے نام سے خصوصی کیٹیگری شامل کی گئی، جس میں کازان کے ’’تنوع میں اتحاد‘‘ منصوبے کو نمایاں کامیابی ملی، اس موقع پر صدر پوتن نے ’’وطن کی خدمت میں جرات اور بہادری‘‘ کے زمرے میں کالوگا ریجن سے تعلق رکھنے والے یوجین فیلونوف کو اعزاز سے نوازا۔
.jpg)
اپنے خطاب میں صدر پوتن نے بلدیاتی اداروں کو ریاستی نظام کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی کامیابیوں کی بنیاد عوام کا اتحاد اور مشترکہ کوششیں ہیں، بلدیاتی سطح پر خدمات انجام دینے والے افراد عوامی مسائل کے سب سے قریب ہوتے ہیں اور ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔
صدر نے مزید کہا کہ روس کی ترقی صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں بلکہ چھوٹے شہروں اور دیہات تک اس کے ثمرات پہنچنا ضروری ہیں، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلدیاتی نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
فورم اور ایوارڈز کی تقریبات کے اختتام پر اس بات پر زور دیا گیا کہ مقامی حکومتوں کے بہترین تجربات کو فروغ دے کر ملک کی مجموعی ترقی اور اتحاد کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔