اچھرہ: تہرے قتل کا ڈراپ سین، سفاک ماں ہی تینوں معصوم بچوں کی قاتل نکلی
لاہور: (دنیا نیوز) اچھرہ کے علاقہ میں تہرے قتل کا ڈراپ سین ہو گیا، ماں ہی بچوں کی قاتل نکلی، ابتدائی تفتیش میں ماں نے اقبالِ جرم بھی کر لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کا کہنا ہے کہ اچھرہ میں تین بچوں کے قتل کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچوں کو ان کی ماں نے قتل کیا، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق خاوند بچوں کے حوالے سے اکثر طعنے مارتا تھا، ماں نے تین روز قبل چھری خریدی تھی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ طعنوں سے تنگ آکر بچوں کو مارنے سے پہلے اس نے اپنے آپ کو مارنے کا منصوبہ بنایا، ماں نے سوچا اگر وہ مر گئی تو بچوں کو اس کا والد گھر سے نکال دے گا، خاتون کا خاوند اسے لوگوں سے ناجائز تعلقات کے لیے بھی مجبور کرتا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ رات بچوں کی والدہ اور ساس میں شدید تلخ کلامی ہوئی، والدہ سے تکرار پر چچا گھر آیا اور بھابھی کو برا بھلا کہا، واردات میں استعمال ہونیوالی چھری والدہ نے گذشتہ روز خریدی تھی ۔