عظمیٰ بخاری سے آسیان وفد کی ملاقات، ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے آسیان ممالک کے وفد نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ثقافتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت اطلاعات و ثقافت پنجاب کی جانب سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا، جہاں عظمیٰ بخاری اور سیکرٹری اطلاعات پنجاب طاہر رضا ہمدانی نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔

آسیان وفد کی قیادت پاکستان میں تعینات انڈونیشیا کے سفیر چاندرا وارسی کر رہے تھے، اس موقع پر وفد کو پنجاب کے ثقافتی ورثے سے روشناس کرانے کے لیے واہگہ بارڈر اور شالیمار باغ کا دورہ بھی کروایا گیا۔

ملاقات کے دوران عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کی ثقافت اور تہذیب کو دوبارہ فروغ دیا جا رہا ہے، پنجاب کا کلچر اور روایات نہایت خوبصورت ہیں اور حکومت مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

اس موقع پر انڈونیشیا کے سفیر چاندرا وارسی نے پنجاب حکومت کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب اور خصوصاً لاہور کے ثقافتی رنگوں سے بے حد متاثر ہوئے ہیں، لاہور کے لوگ انتہائی مہمان نواز اور عزت دینے والے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر عظمیٰ بخاری نے آسیان وفد کے شرکاء کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں، جبکہ وفد نے بہترین انتظامات اور مہمان نوازی پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں