جرمنی کا ایران سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ
برلن: (دنیا نیوز) جرمنی کے وزیر خارجہ جان ویڈ فال نے کہا ہے ایران آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرے کیونکہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور عالمی معیشت کے امکانات متاثر ہو رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اس بحران میں اہم کردار ادا کرنا چاہئے، خاص طور پر اس وقت جب اس اہم آبی گزرگاہ میں کشیدگی بڑھنے پر اعلیٰ سطح اجلاس بھی منعقد کیا جا چکا ہے جس کے باعث ہزاروں تجارتی جہاز اور 20 ہزار ملاح پھنس کر رہ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کرنی چاہئے، جرمنی خود بھی اس ادارے میں نشست حاصل کرنے کے لئے کوشش کر رہا ہے تاکہ عالمی معاملات میں اپنا کردار ادا کر سکے۔
جرمن وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ 15 رکنی سلامتی کونسل میں پانچ مستقل اراکین ویٹو پاور کے ساتھ شامل ہیں، جن میں چین، فرانس، روس، امریکا اور برطانیہ شامل ہیں جبکہ باقی 10 غیر مستقل نشستیں مختلف خطوں کی نمائندگی کے تحت مقرر کی جاتی ہیں۔