ن لیگ کو جب بھی حکومت ملی ملک ترقی پر گامزن ہوا: مریم اورنگزیب

لاہور: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب حکومت کے پاس اپنی کارکردگی بتانے کیلئے بہت چیزیں ہیں، مسلم لیگ ن کو جب بھی حکومت ملی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا۔

پنجاب اسمبلی اجلاس میں گرما گرمی، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے شور شرابہ، شدید نعرے بازی کی۔

اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اعجاز شفیع کی ایک بھی بات ٹھیک نہیں، حلفاً کہتی ہوں، یہ ایوان ہے یہاں ہر بات سچ ہونی چاہئے، سیاسی باتیں اس ایوان سے باہر کر لیں گے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سکول ایجوکیشن کا بجٹ ان کی حکومت میں 30 ارب تھا، اب 130 ارب ہے، جو ریفارمز مریم نواز نے کیں وہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس وقت ہیلتھ کا بجٹ ان کی حکومت سے 400 فیصد زیادہ ہے، اس وقت 90 فیصد کسان، کسان کارڈ سے مستفید ہو چکا ہے، 20 ہزار ٹریکٹر ہم کسانوں کو دے چکے ہیں، 30 ہزار ٹریکٹر کسانوں کو جون تک دے دیں گے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ مجھے معلوم ہے اس وقت بجٹ آپ کی گنتی سے زیادہ ہے، سپیکر صاحب جب آپ نے ان کو بات کرنے کا موقع دیا تو انہوں نے ایوان میں جھوٹ بولا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ معرکہ حق لڑنے والے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو سلام پیش کرتی ہوں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں