سکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں کارروائی: 7 دہشتگرد جہنم واصل، میجر سمیت5 جوان شہید
راولپنڈی :(دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کیخلاف کارروائی میں7 دہشت گرد ہلاک اور میجر سمیت5 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق (آئی ایس پی آر) سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ اطلاع پر بلوچستان کے ضلع بارکھان میں آپریشن کیا اور ایک شرپسند گروہ کا سراغ لگا کر اُسے نشانہ بنایا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ دوران کارروائی سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے اور میجر سمیت 5 جوان وطن پر قربان ہوئے۔
شہداء میں میجر توصیف احمد بھٹی، نائیک فدا حسین، سپاہی سہیل احمد، سپاہی ذاکر حسین، سپاہی محمد ایاز شامل ہیں جب کہ مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ ویژن ’عزم واستحکام ‘ کے تحت پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم ہیں جبکہ علاقے میں موجود بھارتی حمایت یافتہ عناصر کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے تاکہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔