امریکہ میں دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں عراقی شہری گرفتار
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی حکام نے ایک عراقی شہری کو گرفتار کر لیا ہے جس پر امریکہ، یورپ اور کینیڈا میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
استغاثہ کے مطابق ملزم ایران کی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیموں سے وابستہ تھا اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف کارروائیوں کی ترغیب دیتا رہا۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزم نے گزشتہ ماہ نیویارک سٹی میں ایک یہودی عبادت گاہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، اس نے ایک خفیہ قانون نافذ کرنے والے اہلکار کو لاس اینجلس اور اسکاٹسڈیل، ایریزونا میں موجود یہودی مراکز کی تصاویر اور نقشے بھی فراہم کیے تھے۔
حکام کے مطابق ملزم پر یورپ میں کم از کم 18 دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام ہے، جن میں ایمسٹرڈیم میں ایک بینک پر پٹرول بم حملہ اور لندن میں یہودی افراد پر چاقو سے حملے شامل ہیں۔
امریکی پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ ملزم نے دیگر افراد کو بھی امریکی اور اسرائیلی مفادات کو نشانہ بنانے، حتیٰ کہ امریکیوں اور یہودیوں کو قتل کرنے پر اکسانے کی کوشش کی۔