والد کے پیسے واپس دلوانے کیلئے انڈر ورلڈ ڈان نے پیشکش کی تھی، شاداب امجد خان
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اور اپنے عہد کے سب سے بڑے ولن مرحوم امجد خان کے بیٹے شاداب خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد کے ایک کروڑ سے زائد روپے واپس دلوانے کیلئے انڈر ورلڈ ڈان نے پیشکش کی تھی۔
اپنے حالیہ انٹرویو کے دوران شاداب امجد خان نے انکشاف کیا کہ فلم انڈسٹری نے ان کے والد کے ایک کروڑ 27 لاکھ روپے ادا نہیں کیے تھے، کئی فلم ساز اور پروڈیوسرز ان کے والد کے مقروض تھے، لیکن کسی نے بھی آگے بڑھ کر یہ رقم واپس نہیں کی، ایسے میں انڈر ورلڈ ڈان نے ہمیں مدد کی پیشکش کی لیکن میری والدہ نے منع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس زمانے میں یہ رقم اتنی زیادہ تھی کہ ممبئی کے پوش علاقے پالی ہل میں 3 سے 4 فلیٹس خریدے جا سکتے تھے، میرے والد نے ان لوگوں کے قرض معاف کر دیے تھے جو ادائیگی کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے تھے، لیکن جو لوگ رقم واپس کر سکتے تھے، انہوں نے بھی ادائیگی نہیں کی۔
شاداب امجد خان نے انکشاف کیا کہ والد کی موت کے چند ماہ بعد ایک انڈر ورلڈ ڈان نے فون کر کے پیشکش کی کہ وہ یہ رقم واپس دلوا سکتا ہے، مجھے یاد ہے کہ میں نے وہ کال اٹھائی تھی، مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے ایک انڈر ورلڈ ڈان نے کہا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ امجد صاحب کے اتنے پیسے واجب الادا ہیں، ہم 3 دن میں یہ رقم آپ کے دروازے تک پہنچا دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ میری والدہ شہلا خان نے اس پیشکش کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا کہ میرے شوہر نے کبھی انڈر ورلڈ سے کوئی فائدہ نہیں لیا، میں اب یہ روایت شروع نہیں کرنا چاہتی، اللہ ہمارا خیال رکھے گا۔
واضح رہے کہ مرحوم امجد خان نے اپنے 2 دہائیوں پر محیط کیریئر میں 130 سے زائد فلموں میں کام کیا، فلم شعلے میں گبر کے یادگار کردار کی وجہ سے آج بھی انہیں یاد کیا جاتا ہے، 51 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہو گیا تھا۔