اے آئی بوٹ بے قابو، 9 سیکنڈ میں کمپنی کا پورا ڈیٹا بیس مٹا دیا

نیویارک: (ویب ڈیسک) مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک خودکار سافٹ ویئر ایجنٹ نے اچانک بے قابو ہو کر صرف نو سیکنڈ میں ایک کمپنی کا مکمل ڈیٹا بیس ڈیلیٹ کر دیا، جس کے نتیجے میں بکنگز، صارفین کا ریکارڈ اور دیگر اہم معلومات عارضی طور پر ختم ہو گئیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ اے آئی ایجنٹ کار رینٹل کمپنیوں کے سافٹ ویئر میں موجود تکنیکی خرابیاں دور کرنے کے لیے تیار کیا گیا تھا، تاہم اس نے مسئلہ حل کرنے کے بجائے پورا پروڈکشن ڈیٹا بیس اور اس کے بیک اپس ہی حذف کر دیے۔

پاکٹ او ایس کے بانی جر کرین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ اے آئی سسٹم نے اپنی مقررہ سکیورٹی حدود توڑتے ہوئے کمپنی کا مرکزی ڈیٹا اور بیک اپ فائلیں ختم کر دیں۔

یہ اے آئی ایجنٹ  اینتھروپک کے طاقتور ماڈل کلاڈ اوپس 4.6 پر کام کر رہا تھا، جسے پروگرامنگ اور سافٹ ویئر انجینئرنگ کے شعبے میں جدید ترین اے آئی سسٹمز میں شمار کیا جاتا ہے۔

جر کرین کے مطابق اے آئی اسسٹنٹ ایک معمول کی تکنیکی کارروائی انجام دے رہا تھا، مگر اس نے خود فیصلہ کرتے ہوئے پورا ڈیٹا بیس ختم کر دیا۔ چند لمحوں میں بکنگ ریکارڈ، گاڑیوں کی تفصیلات، نئے صارفین کی رجسٹریشنز اور دیگر تمام معلومات غائب ہو گئیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حیران کن طور پر اے آئی سسٹم نے اتنا بڑا اقدام اٹھانے سے پہلے کسی قسم کی وارننگ یا کنفرمیشن بھی نہیں دی۔

تاہم واقعے کے دو روز بعد کمپنی نے تصدیق کی کہ ڈیٹا کامیابی سے ریکور کر لیا گیا ہے، جبکہ اس واقعے نے اے آئی سسٹمز کی خودمختاری اور ڈیجیٹل سکیورٹی سے متعلق نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں