وزیر خزانہ کی عالمی بینک وفد سے ملاقات، معاشی اصلاحات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی عالمی بینک وفد سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں معاشی اصلاحات اور ادارہ جاتی تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایف بی آر میں ٹیکنالوجی، آٹومیشن اور ڈیجیٹل اصلاحات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

عالمی بینک کی جانب سے میڈیم ٹرم ریونیو سٹریٹجی اور ایف بی آر اصلاحات کیلئے تکنیکی معاونت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی توجہ برآمدات پر مبنی پائیدار معاشی ترقی، کاروباری ماحول میں بہتری اور سرمایہ کاری کے فروغ پر مرکوز ہے۔

اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ نے مقامی قرض اور کیپیٹل مارکیٹس کو مضبوط بنانے، بینک فنانسنگ پر انحصار کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس میں ٹیکس اصلاحات، قرضہ جات کے انتظام، نجی شعبے کی ترقی اور سرکاری اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر گفتگو کی۔

ورلڈ بینک وفد میں بولورما آنگابازار، ٹوبیاس ہاک، اینا ٹوم، رفائے خان اور دیگر حکام شامل تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں