پشاور میں مسلح افراد کی پولیس موبائل پر فائرنگ، تین زیر حراست ملزم ہلاک
پشاور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں نامعلوم مسلح افراد کی پولیس موبائل پر فائرنگ سے زیر حراست تین ملزم ہلاک ہو گئے۔
سی سی پی او پشاور میاں سعید کے مطابق واقعہ تھانہ مچنی گیٹ کے اہلکاروں کے ساتھ پیش آیا جو ورسک روڈ اور کوہاٹ روڈ بینک ڈکیتی کیسز کے گرفتار ملزمان کو نشاندہی کیلئے لے جارہے تھے۔
میاں سعید نے بتایا کہ نادرن بائی پاس کے قریب موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، فائرنگ کے دوران ایس ایچ او اور ایک اہلکار بلٹ پروف جیکٹ و ہیلمٹ کے باعث محفوظ رہے جب کہ فائرنگ سے زیر حراست تینوں ملزم ہلاک ہو گئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملزمان کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونے والے تین پستول بھی برآمد کر لیے گئے، حملے میں پولیس کی سرکاری موبائل گاڑی کو بھی گولیوں سے نقصان پہنچا۔
سی سی پی او نے کہا کہ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے زیر حراست محمد شعیب، محمد عمر اور محمد عماد ہلاک ہو ئے، حملہ آوروں نے ساتھیوں کو چھڑوانے کی نیت سے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی۔
میاں سعید کا مزید کہنا تھا کہ فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے ورسک ڈویژن پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے ۔