ٹک ٹاکر ندیم مبارک عرف نانی والا بڑی مشکل میں پھنس گئے

لاہور:(دنیا نیوز) ٹک ٹاکر ندیم مبارک عرف نانی والا کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ غفلت اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے، کارِ سرکار میں مداخلت اور سرکاری ملازم کو دھمکانے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا کہ بغیر نمبر پلیٹ لگژری گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے ون وے پر تیزی سے بھگا دی، گاڑی کا تعاقب کرنے پر ملزم نے پولیس اہلکاروں کی گاڑی کو ٹکر مارنے کی کوشش بھی کی۔

دوسری جانب ڈیفنس سی پولیس نے ٹریفک پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے، غیر معیاری نمبر پلیٹس لگانے اور غیر قانونی طور پر نیلی یا سبز بتی استعمال کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ قانون شکنی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں