جوڈیشل کمیشن اجلاس، ججز تقرری کیلئے انٹرویوز رولز پر غور
اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس یحیی آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ججز تقرری کیلئے انٹرویوز رولز کا معاملہ زیر غور آیا۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ہائیکورٹس ججز کی کارکردگی کے جائزے کیلئے رولز پر غور کیا گیا، جوڈیشل کمیشن رولز 2024 میں ترامیم پر بھی غور ہوا۔
اجلاس میں ہائیکورٹس آئینی بنچز میں ججز نامزدگی کیلئے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا گیا، آئندہ ہفتے صوبائی ممبران سمیت جوڈیشل کمیشن کا مشترکہ اجلاس طلب کیا گیا۔
جوڈیشل کمیشن اجلاس میں طے کیا گیا کہ آئندہ ہفتے ہونے والے اجلاس میں چاروں ایجنڈا آئٹمز کی منظوری پر غور ہوگا۔
.jpg)
دریں اثنا چیف جسٹس آف پاکستان کی زیر صدارت نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کا 60 واں اجلاس ہوا۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ حکومت نے لاپتہ افراد کے مقدمات کے لیے علیحدہ کمیشن قائم کرنے پر اتفاق کر لیا، سیکرٹری قانون نے پالیسی ساز کمیٹی کو حکومتی فیصلے سے آگاہ کر دیا۔
کمیشن گرفتار افراد کو 24 گھنٹوں میں عدالت کے سامنے پیش کرنے سے متعلق قانونی تقاضوں پر عمل درآمد یقینی بنائے گا۔
کمیشن جسٹس ریٹائرڈ منظور احمد ملک اور چیئرپرسن نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس محترمہ رابعہ جویری آغا پر مشتمل ہوگا۔