ٹرمپ کی آج رات ایران میں بڑی کارروائی کی دھمکی، تیل تنصیبات پر قبضے کا عندیہ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف سخت فوجی کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا آج رات ایران کو انتہائی سخت نشانہ بنائے گا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ، فضائیہ، ریڈار نظام، فضائی دفاع اور دیگر دفاعی صلاحیتوں سمیت اس کی بیشتر جارحانہ عسکری قوت ختم ہو چکی ہے۔
.jpg)
انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں امریکا جزیرہ خارگ اور ایران کے دیگر اہم تیل انفراسٹرکچر مقامات کا کنٹرول سنبھال لے گا، امریکا ایران کی تیل اور گیس منڈیوں کا مکمل انتظام سنبھالنے کی پوزیشن میں ہوگا۔
امریکی صدر نے اپنے بیان میں وینزویلا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح امریکا نے وہاں توانائی کے شعبے میں اقدامات کیے اور وہ امریکا و وینزویلا دونوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوئے، اسی طرز کا ماڈل ایران کے حوالے سے بھی اختیار کیا جا سکتا ہے۔
صدر ٹرمپ کے اس بیان نے خطے میں کشیدگی کے مزید بڑھنے کے خدشات کو جنم دیا ہے، جبکہ ایران کی جانب سے تاحال اس بیان پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔