ایران سے اچھے تعلقات کی امید، آبنائے ہرمز جمعہ تک مکمل کھول دی جائیگی: ٹرمپ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مفاہمتی ڈیل پر دستخط ہو چکے ہیں اور آبنائے ہرمز کھول دی گئی ہے، جبکہ جمعہ تک اسے مکمل طور پر بحری آمدورفت کے لیے کھول دیا جائے گا۔

فرانسیسی صدر میکرون کے ساتھ ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہوں گے اور انہیں امید ہے کہ مستقبل میں امریکا اور ایران کے درمیان تعلقات بہتر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، تیل کی قیمتوں میں کمی آ رہی ہے جبکہ اسٹاک مارکیٹ بھی اوپر جا رہی ہے، جو عالمی معیشت کے لیے حوصلہ افزا اشارہ ہے۔

امریکی صدر نے یوکرین جنگ کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی سے بھی اچھی گفتگو ہوئی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں رہنما امن کے لیے پرعزم دکھائی دیتے ہیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ اس سلسلے میں مزید کیا پیش رفت ممکن ہو سکتی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں