چیئرمین پنجاب گروپ میاں عامر محمود سے چینی قونصل جنرل کی ملاقات، تعلیمی خدمات کو سراہا
لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پنجاب گروپ میاں عامر محمود سے چینی قونصل جنرل سن یون اور ان کے معاون وانگ یا چیانگ نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، تعلیمی تعاون اور نوجوانوں کے کردار پر بھی بات چیت کی گئی۔
چین نے تین سال پہلے یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کے طلبا کیلئے سکالرشپ پروگرام کا آغاز کیا تھا جو آج بھی کامیابی سے جاری ہے، چینی قونصل جنرل نے تعلیمی میدان میں میاں عامر محمود کی خدمات کو سراہا، اور ان کے ویژن کی تعریف کی۔
چینی قونصل جنرل نے کہا کہ یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب اور پنجاب گروپ آف کالجز قوم کے معمار کا کردار ادا کرتے ہوئے طلبا کی ذہنی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے اہم خدمات انجام دے رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان اداروں کے طلبا تعلیمی میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جسے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے، چین تعلیم کے شعبے میں مزید تعاون کیلئے تیار ہے۔
چینی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات نسل در نسل منتقل ہونے والی لازوال دوستی کی مثال ہیں، دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور یہ دوستی آج پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہے۔
ملاقات میں چینی قونصل جنرل اور چیئرمین پنجاب گروپ میاں عامر محمود نے تحائف کا تبادلہ بھی کیا۔