شازیہ منظور کا چاہت فتح علی خان پر دلچسپ ردعمل وائرل
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف لوک اور پلے بیک گلوکارہ شازیہ منظور نے ٹی وی شو میں سوشل میڈیا سنسیشن چاہت فتح علی خان کے بارے میں ایسا دلچسپ تبصرہ کیا کہ حاضرین قہقہے لگانے پر مجبور ہو گئے۔
شازیہ منظور سے پروگرام میں ایک خاتون نے سوال کیا کہ اگر آپ کو چاہت فتح علی خان کے ساتھ ڈواٹ گانا گانے کی پیشکش ہو تو کیا کریں گی؟
یہ سوال سنتے ہی شازیہ منظور مسکرا پڑیں اور مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ میں تو خود اس سوال سے پریشان ہو گئی ہوں اور سمجھ نہیں آ رہا کہ اس کا کیا جواب دیا جائے، انہوں نے ہاتھ جوڑتے ہوئے ہنستے ہوئے کہا کہ مجھے معاف کر دیا جائے، پھر مزید مزاحیہ انداز میں کہا کہ شاید چاہت فتح علی خان کو ہی سب کو معاف کر دینا چاہیے۔
شازیہ منظور کے اس برجستہ جواب پر ناصرف حاضرین بلکہ میزبان بھی ہنس پڑے اور یہ لمحہ پروگرام کی خاص جھلکیوں میں شامل ہو گیا۔
گفتگو کے دوران میزبان نے پوچھا کہ کیا آپ کبھی چاہت فتح علی خان سے ذاتی طور پر ملی ہیں؟ اس پر شازیہ منظور نے فوراً جواب دیا اللّٰہ معاف کرے اور واضح کیا کہ میری کبھی ملاقات نہیں ہوئی، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ میں سوشل میڈیا پر چاہت فتح علی خان کی ویڈیوز ضرور دیکھتی ہوں، اکثر ان کی ویڈیوز پر تبصرے بھی کرتی ہوں۔
یہ کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور صارفین شازیہ منظور کی حاضر جوابی اور مزاح سے بھرپور ردِعمل کو خوب سراہ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ شازیہ منظور پاکستان کی نامور گلوکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور کئی دہائیوں سے اپنی آواز کے ذریعے مداحوں کے دل جیتتی آ رہی ہیں، ان کے بے شمار مقبول گانے اور یادگار پرفارمنسز آج بھی موسیقی کے شائقین میں بے حد پسند کی جاتی ہیں۔