اسرائیل کے جنوبی لبنان کے ضلع نبطیہ پر حملے، کم از کم 16 افراد شہید
بیروت: (ویب ڈیسک) اسرائیل کے جنوبی لبنان میں فضائی حملوں اور توپ خانے کی گولہ باری سے کم از کم 16 افراد شہید ہو گئےجبکہ متعدد زخمی اور لاپتا ہیں۔
لبنان کی سرکاری خبر ایجنسی نے بتایا کہ رات بھر جاری رہنے والی یہ بمباری علاقے پر ہونے والے شدید ترین اسرائیلی حملوں میں سے ایک تھی، جس میں آدھی رات کے بعد متعدد گھروں کو نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی توپ خانے نے نبطیہ شہر، کفر جوز، کفر رمان اور زبدین سمیت کئی قریبی قصبوں پر گولہ باری کی، اس کے بعد فضائی حملوں کی لہر نے کفر تبنیت اور ریحان کی پہاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا۔
خبر ایجنسی کے مطابق نبطیہ اور حروف میں کم از کم 8 افراد جاں بحق ہوئے، الشرقیہ اور دویر کے درمیان ایک گھر پر حملے میں 4 افراد مارے گئے، جبکہ کفر صیر کے قصبے میں ایک حملے کے نتیجے میں 3 افراد جان سے گئے۔
دویر میونسپلٹی کی عمارت کے قریب ایک موٹر سائیکل پر اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا امن کی توقع رکھتا ہے، لبنان، حزب اللہ اور اسرائیل سے تمام محاذوں پر جنگ بندی کی توقع ہے جبکہ عراقی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ بندی یقینی بنانا امریکا کی ذمہ داری ہے۔
دوسری طرف اسرائیل کے وزیراعظم نے ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل لبنان کی زمین چھوڑے گا نہ فوج نکالے گا۔