پاکستان سمیت 8 اسلامی ممالک کی فلسطینیوں پر یہودی آبادکاروں کے تشدد کی مذمت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی آبادکاروں کے مسلسل تشدد کی مذمت کی ہے۔

پاکستان، مصر، ترکیہ، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب اور امارات کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا، جس میں مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی آبادکاروں کے مسلسل تشدد کی شدید مذمت کی گئی ہے، تشدد میں حالیہ حملے بھی شامل ہیں۔

اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ رام اللہ کے جِلجِلیا کی جامع مسجد اور مزارع النوبانی کی الفاروق مسجد پر حملے کیے گئے، یہ حملے عبادت گاہوں اور مذہبی مقامات کے تقدس کی کھلی خلاف ورزی ہیں، حملے بین الاقوامی قانون، انسانی قانون اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق یہ اقدامات عدم استحکام، تشدد اور انتہا پسندی کو ہوا دیتے ہیں، یہ اقدامات امن کے قیام کیلئے جاری بین الاقوامی کوششوں کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔

وزرائے خارجہ نے حملوں کی ذمہ داری قابض طاقت کی حیثیت سے اسرائیل پر عائد کی، اور کہا کہ بین الاقوامی برادری سے اپنے قانونی اور اخلاقی فرائض ادا کرنے کا مطالبہ دہراتے ہیں۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی اور قومی حقوق کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں